ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک ٹرانسپورٹ کارپویشنوں کی”شکتی“ اسکیم کی رقم ہر ماہ ادا کرنے کا فیصلہ، ماہ جون کی رقم248کروڑ روپئے اگست کے پہلے ہفتہ میں ادا ہو گی

کرناٹک ٹرانسپورٹ کارپویشنوں کی”شکتی“ اسکیم کی رقم ہر ماہ ادا کرنے کا فیصلہ، ماہ جون کی رقم248کروڑ روپئے اگست کے پہلے ہفتہ میں ادا ہو گی

Mon, 31 Jul 2023 11:13:42    S.O. News Service

بینگلورو، 31/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی) )خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفر والی”شکتی“ اسکیم کے تحت صفر شرح کے بس ٹکٹوں کی رقم حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کو ادا کرنے کے سلسلہ میں الجھن ختم ہو گئی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اب یہ رقم ہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں متعلقہ کارپوریشنوں کو ادا کی جائے گی جس کے تحت جون کی رقم 248کروڑ روپئے اگست کے پہلے ہفتہ میں ادا کی جائے گی۔

ذرائع نے بتا یا کہ 11تا30جون ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی بسوں میں 10.54کروڑ خواتین نے مفت سفر کیا ہے جن کی ٹکٹ شرح248.30کروڑ ہے۔ ”شکتی“ اسکیم جاری ہونے سے قبل چاروں ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی بسوں میں 82لاکھ افراد سفر کر رہے تھے لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر1.10کروڑ ہوگئی ہے۔

بتایاجاتاہے کہ خاتون مسافروں کی تعداد ہی60لاکھ سے زیادہ ہے،مفت سفر کی رقم اگر وقت پر نہیں ملی تو ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کے عملہ کی تنخواہ ودیگر کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،اس لئے حکومت نے ایک ماہ کی رقم باقی رکھ کر پچھلے دو ماہ کی رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطلاع کے مطابق11جون سے شروع ہوئی”شکتی“ اسکیم کے دوران خاتون مسافروں کی تعداد 55لاکھ تھی،جو اب 62تا65لاکھ پہنچی ہے۔حکومت کی سطح پر خاتون مسافروں کی صفر شرح کی رقم ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ ادا کرنے پر غور کیا گیا تھا،لیکن ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کے عملہ کی تنخواہ سمیت دیگر کی ادائیگی میں وقت کے پیش نظر حکومت نے ہر ماہ رقم ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ”شکتی“اسکیم کے لئے حکومت نے بجٹ میں 2,800 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں،لیکن یہ رقم نا کافی ہے۔

اس سلسلہ میں وزیر برائے ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کومالی بحران سے نکالنے ٹکٹ شرح ہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


Share: